عوام کے تعاون سے صوبہ بھر میں امن قائم ہوا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

291

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بلوچستان جوکہ پاکستان کا نصف ہے، ملک کی معاشی اوراقتصادی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، بلوچستان کی نوجوان نسل امن کے قیام اورمثبت سرگرمیوں کے فروغ میں پیش پیش ہے۔ عوام کے تعاون اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں وکاوشوں سے مکران، آواران اور خضدار سمیت صوبے بھر میں امن قائم ہوا ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا نواب محمد خان شاہوانی، سردار محمد اسلم بزنجو، چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگ زیب حق، آئی جی پولیس احسن محبوب، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹرز جمال شاہ کاکڑ، اعجاز سنجرانی اور غازی خان پندرانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا اوراس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس، ایف سی، لیویز اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس عزم کا اظہارکیا گیا کہ شہریوں اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن واستحکام کو بہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ملاقات میںاس بات پر اطمینان ومسرت کا اظہار کیا گیا کہ سیکورٹی فورسز پر عوام کے اعتماد اور احترام میں اضافہ ہوا ہے جو کہ انتہائی مثبت پیش رفت ہے۔ عوام نے مردم شماری کے عمل میں فورسز اور عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جس کے باعث صوبہ بھر میں مردم شماری کے پُرامن انعقاد میں کامیابی حاصل ہوئی اور پورے عمل میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ ملاقات میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ صوبے کی نوجوان نسل کی تمام تر توجہ حصول علم کی طرف مبذول ہے اور وہ امن واستحکام اور تعمیر وترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔ آئی جی ایف سی نے اس موقع پر صوبے کو پُرامن اور تعلیم یافتہ بنانے کے وزیراعلیٰ کے وژن اور نوجوان نسل کو تعلیم وتربیت کے حصول اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقعوں کی فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔