اسلام آباد(جسارت نیوز)سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور انٹرنیشنل کھلاڑی کے درمیان اسکواش سیریز سے ملک میں کھیل کو فروغ حاصل ہوگا، گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات اور اچھی تربیت فراہم کرنے ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انٹرنیشنل کھلاڑی کے درمیان اسکواش سیریز کو منعقد کروانے میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدراور پاک فضائیہ کے سربراہ ائرمارشل سہیل امان نے اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کا پاکستان میں آکر کھیلنا ہمارے ملک اور قوم کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے،غیرملکی کھلاڑیوں میںہانگ کانگ، مصر، فرانس، امریکا اور انگلینڈ کے کھلاڑی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سیریز سے عالمی سطح پر اچھا تاثر جائے گا۔، انہوں نے کہا کہ دوسری کھیلوں کی تنظیموں کو بھی چاہئے وہ بھی انٹرنیشنل مقابلے پاکستان میں کروائیں تاکہ عالمی سطح پر ثابت ہوجائے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور جہاں کے بسنے والے لوگ غیرملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن نے گذشتہ برس چار انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کا کامیاب انعقاد کیا تھا جن میں چیف آف آرمی سٹاف ٹورنامنٹ، چیف آف نیول سٹاف ٹورنامنٹ، چیف آف ایئرسٹاف ٹورنامنٹ اور پریزیڈنٹ گولڈ کپ ٹورنامنٹ شامل تھے جن میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی،انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدراور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل سہیل امان انٹرنیشنل سکواش کی مزید بحالی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے،