نام غلط لکھنے پر امریکانے چین سے معافی مانگ لی

115

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں چین کا نام غلط لکھنے پر معذرت کرلی ہے۔ گزشتہ ہفتے جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس نے جو اعلامیہ جاری کیا تھا اس میں صدر شی ک پیپلز ری پبلک آف چائنا کے بجائے صرف ری پبلک آف چائنا کا صدر لکھا گیا تھا جس پر چین نے سخت احتجاج کیا تھا۔ چین کا سرکاری نام پیپلز ری پبلک آف چائنا ہے جب کہ ری پبلک آف چائنا تائیوان کا سرکاری نام ہے جسے چین اپنا ایک صوبہ قرار دیتا ہے۔ تائیوان کے معاملے پر چین کی حکومت کافی حساس ہے معمول کی بریفنگ کے د وران چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی حکام نے اس تکنیکی غلطی پر معذرت کا اظہار کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہوں نے بیان درست کردیا ہے۔ وائس آف امریکا نے چینی ترجمان کے بیان کی تصدیق کے لیے وائٹ ہاؤس کے حکام سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے معاملے پر ردِ عمل دینے سے معذرت ظاہر کی ہے۔
نام کی غلطی ؍ معذرت