کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان ا سنوکر کا انڈر 18چیمپئن بن گیا ۔پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ نسیم اختر نے چین میں عالمی انڈر 16اسنوکر چیمپین شپ جیت لی۔نسیم اختر جونیرز کا عالمی ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی کیوئسٹ ہیں۔16 سالہ نسیم اختر نے فائنل میں میزبان چین کے کیوئسٹ پی فین لی کو 3 کے مقابلے میں 5 فریم سے شکست دی۔پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے نسیم اختر نے ابتدائی فریمز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ایک موقع پر 1-3 سے پیچھے تھے تاہم انہوں نے 5 ویں فریم شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 3-5 سے اپنے نام کر لیا۔ان کی جیت کا اسکور 20-62، 69-68، 37-71، 19-57، 127-06، 84-40، 61-37 اور 74-08 رہا۔یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے 2 کیوئسٹ شریک ہوئے۔ پاکستان کے حارث طاہر کو 16 کے راؤنڈ میں ہم وطن نسیم اختر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔نسیم اختر اور حارث طاہر اب آج سے چین میں ہی شروع ہونے والی انڈر 21 چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔