ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار 15 پولیس کی بند بازار چوڑی محلے میں کارروائی، 10 سالہ بچہ چوری کے الزام میں گرفتار، موبائل فون، سونا اور نقد رقم چوری کرنے کا الزام تھا۔ گزشتہ دنوں ٹنڈوالٰہیار شہر کے علاقے میمن محلہ، چوڑی پاڑا، کھتری پاڑا و دیگر علاقوں میں گھروں میں ہونے والی چوری کی وارداتوں کے ملزمان کو گرفتار کرنے کے سلسلے میں پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، مگر پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی، تاہم علاقے کے لوگوں نے کھتری پاڑے کے رہائشی 10 سالہ رمضان چھیپا کو مذکورہ گھروں میں چوری کرنے کے الزام میں پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے مبینہ چور کی نشان دہی پر ٹنڈو آدم میں اس کی بہن کے گھر پر چھاپا مارکر اس کے بہنوئی کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے قیمتی موبائل فون، طلائی زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان برآمد کرلیا۔ چھاپے کے دوران برآمد ہونے والا مسروقہ سامان مذکورہ گھروں سے چوری کیا گیا تھا۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔