ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کوچنگ سے اپنی علیحدگی کا فیصلہ پی ایچ ایف پر چھوڑ دیا

69

لاہور (جسارت نیوز )انگلینڈ میں ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی بری پرفارمنس پر ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کوچنگ سے اپنی علیحدگی کا فیصلہ پی ایچ ایف پر چھوڑ دیا،قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں کی طرف سے ہیڈ کوچ کے استعفیٰ کے مطالبہ پر خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ مجھے کوچنگ سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ پی ایچ ایف کرے گی اور اگر انہیں میری خدمات کی ضرورت نہیں ہوگی تو وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہاکی لیگ میں قومی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ہے لیکن ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ پاکستان نے 2014کے ورلڈ کپ اور 2016کے اولمپک میں کوالیفائی نہیں کیا تھا لیکن اب اگلے ورلڈ کپ میں ٹیم نے کوالیفائی کرلیا ہے اس طرح ٹیم کا انٹرنیشنل ہاکی میں کم بیک ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ایشیا کپ اہم ہے جو کہ اکتوبر میں منعقد ہورہا ہے اس کے لئے ٹیم کا فوری کیمپ لگانا چاہئے اور ٹیم کو یورپ کا دورہ کروانا چاہئے ،دنیائے ہاکی کی بڑی ٹیمیں پاکستان کی میزبانی کرنے پر خوش ہوتی ہیں جبکہ سینئر کھلاڑیوں رضوان سینئر ،راشد فرید اور دیگر کھلاڑی جنھیں ورلڈ ہاکی لیگ میں نہیں کھلا یا گیا تھا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ فٹ ہوئے تو ان کو کیمپ میں شامل کیا جائے گا ۔انہوں نے ملک میں پروفیشنل لیگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستان سپر لیگ نے قومی کرکٹ ٹیم کو بہتر بنادیا اسی طرح ہاکی لیگ سے بھی ٹیم میں بہتری آئے گی۔،پی ایچ ایف پروفیشنل لیگ کیلئے حکومت کی اجازت کا انتظار کررہی ہے ،لیگ سے نہ صرف کھلاڑیوں کو پیسہ ملے گا بلکہ نیا ٹیلنٹ بھی ملے گا ۔