پاک برطانیہ سفارت کاری خطے کیلئے اہم ثابت ہورہی ہے‘ گورنر

87

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی Ms Belinda Lewis نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات ، خطے کی جاری صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں ، دونوں ممالک فطری اتحادی ہیں، پاک برطانیہ دوطرفہ مستحکم تعلقات خطے کے مفاد میں ہیں، اس ضمن میںدوطرفہ سفارت کاری اہم ثابت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ تعلقات دہشت گردی کے خلا ف جنگ سے نکل کر معاشی میدان میں داخل ہو رہے ہیں اس ضمن میں برطانیہ کا پاکستان کے مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول ہے ، سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ اس کا واضح عکاس ہے ، برطانیہ کے سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے فوری منافع حاصل کرسکتے ہیں ، کراچی کے مختلف شعبوں میںبرطانیہ کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے دوطرفہ تعلقات
مزید مستحکم ہو ںگے اور خطے سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ بھی یقینی ہے ، حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاری کے ذریعے دو ممالک کے تعلقات کو مستحکم کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں پاک برطانیہ دوطرفہ سفارت کاری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ ملاقات میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی Ms Belinda Lewis ،Mr.Richard Crowder اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریڈ پاکستان Mathew Lister Mr.نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان کا اپنی معاشی ترجیحات خود طے کرنا خوش آئند بات ہے لیکن اپنے دوست ممالک کے مفاد کو بھی مدنظر رکھنا دوطرفہ مفاد میں اہم ثابت ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں متعدد کمپنیاں کام کررہی ہیں جبکہ برطانیہ کے سرمایہ کار کراچی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے دنیا کے دیگر شہروں میں پرکشش اہمیت رکھتا ہے جہاں کم لاگت ، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور محنتی افرادی قوت سرمایہ کاروں کے لیے اہمیت کی حامل ہے ۔علاوہ ازیں گورنر ہائوس میں یوتھ پارلیمنٹ کی فیڈرل سمیت چاروں صوبوں کی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے گورنرمحمدزبیرنے کہاہے کہ خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے نوجوان کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، نوجوان ہی تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، ملک کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے ، حکومت نوجوانوں کی تعمیر و تربیت کے لیے ہر ممکن وسائلاستعمال کرہی ہے ، اس ضمن میں گورنر ہائوس کے دروازے نوجوانوں کے کھلے ہوئے ہیں، پاکستان ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے ،یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ہمارا مستقبل شاندارہے ۔اس موقع پر گورنر سندھ/ سرپرست یوتھ پارلیمنٹ محمد زبیر نے یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ نوجوانوں پر بہت بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے، انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا ، مثبت سرگرمیوں کے فروغ سمیت فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں نوجوانوں کو اہم کردار ادا کرنا ہے،روشن و خوشحال پاکستان کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں نوجوانوں کو اپنی بھرپور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہوگا۔تقریب میں سینیٹر عبد الحسیب خان، معروف صنعت کار مہتاب چائولہ اور یوتھ پارلیمنٹ کے بانی چیئر مین رضوان جعفر ،سندھ کے صدر اویس ربانی ، پنجاب کے صدر ابو بکر ، خیبر پختونخواہ کے صدر فیصل جمشید، بلوچستان کے صدر سعد وقاص اور یوتھ پارلیمنٹ کی ترجمان ایشل جامی نے بھی خطاب کیا۔