سعودی شاہ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

149

جدہ/ انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن سے ملاقات کی ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کے روز جدہ میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں نے قطر کے بحران اور دہشت گردی سے نمٹنے کے طریقوں سمیت مختلف عالمی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے جدہ میں ہی قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقات کی۔ ریکس ٹلرسن خلیجی تنازع کو حل کرانے کے لیے خطے کے ممالک کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے پیرکے روز امیر کویت اور منگل کے روز امیر قطر سے بحران کے حل کے سلسلے میں بات چیت کی تھی۔ دوسری جانب گزشتہ ماہ کے آغاز سے بحران میں گھری خلیجی ریاست قطر کو ترکی اب تک ضروری ساز و سامان سے لدے 197 کارگو جہاز، 16 ٹرک اور ایک بحری جہاز روانہ کر چکا ہے۔ یہ بات ترک وزیر اقتصادیات نیہات زیبگ چی نے بدھ کے روز قطری وزیر اقتصادیات احمد بن جاسم الثانی کے ساتھ انقرہ میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ جاسم الثانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پابندیوں کے باوجود قطر کی زمینی اور سمندری راستوں سے تجارت بدستور بغیر کسی خلل کے جاری ہے۔