انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یورپی یونین ترکی کا وقت ضائع کر رہی ہے۔ اگر یورپی اتحاد رکنیت قبول نہ کرنے کی بات صاف طور پر کہہ دے تو ترکی مطمئن ہو جائے گا۔ صدر رجب طیب اردوان نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ ترکی اپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکتا ہے۔ ہم نے اپنے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ اگر یورپی یونین صاف الفاظ میں ترکی کو قبول نہ کرنے کی بات کہہ دے تو ترکی مطمئن ہو کر اپنے بی اور سی منصوبوں کا آغاز کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت عظمیٰ کے پہلے دور میں یورپی یونین کے سربراہ اجلاسوں میں ترکی کو ’ایک خاموش دور سے گزرتے ہوئے ملک‘ کے طور پر متعارف کرایا گیا، لیکن اب یہی یورپی یونین ہمیں صرف سربراہ اجلاسوں میں ہی مدعو نہیں کرتی، بلکہ ہمارا وقت بھی ضائع کر رہی ہے۔ صدر اردوان نے کہا کہ ترکی کے عوام کی اکثریت یورپی یونین میں شامل ہونے کی خواہش مند نہیں ہے اور ترکی کے لیے یورپی یونین کے روّیے کو غیر مخلصانہ سمجھتی ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا ہے کہ یورپی یونین کے اس روّیے کے باوجود ہم کچھ عرصہ مزید یورپی یونین کے ساتھ پُرخلوص روّیہ جاری رکھیں گے اور دیکھیں گے کہ اس کا ہمیں کیا فائدہ ہوتا ہے۔ ساتھ ہی صدر اردوان نے اس بات کی تردید کی کہ ترکی میں 150 صحافیوں کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ ترکی کے صدر کا کہنا تھا کہ صرف 2 افراد جن کے پاس پریس کارڈ تھے جیل میں ہیں۔ واضح رہے کہ یہ انٹرویو 14 جولائی کو بی بی سی ورلڈ نیوز پر نشر ہو گا ۔