ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے قیام کیلیے تیاریاں شروع

124

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) عیدالاضحی پر سپرہائی وے، سہراب گوٹھ پر قائم کی جانے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ منڈی کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ اس دینی فریضہ کی ادائیگی کے لیے آنے والوں اور مویشیوں کے بیوپاریوں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی کام کا آغاز ہوگیا ہے اور مشینری و کچرا اٹھانے والی گاڑیوں کے ذریعے علاقے کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔اس سال قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے آنے والے بیوپاریوں اور عوام کو خرید و فروخت میں ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلیے دیگر اداروں سے بھی تعاون کی درخواست کی جائے گی تاکہ منصوبہ بندی کے ذریعے ایک مربوط سسٹم کے تحت انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔ صفائی، ستھرائی اور جانوروں کی آمد کے آغاز کے بعد ہماری بنیادی ذمے داری سہراب گوٹھ پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کا قیام اور اسے بیوپاریوں اور خریداروں کیلیے محفوظ بنانا ہے۔ سندھ پولیس اور رینجرز سے درخواست کی جائے گی کہ وہ مویشی منڈی کے آس پاس گشت کے خصوصی انتظامات کریں۔ارشاد احمد نے کہا کہ منڈی میں صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھکانے لگانے کیلیے خاص انتظامات بھی کررہے ہیں۔ صفائی ستھرائی کیلیے خصوصی عملہ منڈی میں دن رات کام کرے گا اور کچرا اٹھانے کے ٹرک اور دیگر مشینری ٹریکٹر وغیرہ منڈی سے روزانہ جانوروں کا فضلہ اور کوڑا کرکٹ صاف کریں گے تاکہ منڈی میں صا ف ستھرا ماحول یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ کسی ہنگامی امداد کیلیے ایمبولنس سروس اور فائر سروس کا بھی انتظام کیا جائے گا۔انہوں نے بیوپاریوں کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام بیوپاری اپنے مویشیوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت وائرس سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگوا کر آئیں۔ اس عمل سے منڈی میں خریداروں اور مویشیوں کیلیے صحت مندانہ اور محفوظ ماحول مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔ منڈی تقریباً 1200 ایکٹر پر قائم کی جائے گی۔