کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نیجماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت تقریب عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن فری پاکستان کے لیے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب ناگزیر ہے جے آئی ٹی رپورٹ جماعت اسلامی کے مؤقف کی تائید ہے، اسلامی اورخوشحال پاکستان کے لیے دیانت دار قیادت کا ہونا اشد ضروری ہے ،عوام کرپشن سے پاک قیادت کا ساتھ دیں، مشن کے حصول کے لیے بنیادی تقاضا بنیان مرصوص اورباہمی تعلقات کی مضبوطی ہے ۔ عید ملن سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ فرحانہ اورنگزیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معتمدہ پاکستان تسنیم معظم ، نائب قیمات رعنا فضل، آمنہ عثمان ، ناظمہ صوبہ سندھ عطیہ نثار ، معتمدہ صوبہ عظمیٰ عمران ، نائب ناظمات صوبہ رخشندہ ناز ، انوری بیگم ،معتمدہ کراچی اسماء سفیر ، نائب ناظمات فرح عمران ، حمیرا خالد ، ثمینہ عتیق ، جاویدہ فہیم اور دیگر بھی موجود تھیں ۔دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ عیدربِ رحمان کی طرف سے رمضان المبارک کی محنتوں کا ثمر ہے ، قرآن اوررمضان کے اثرات کو برقرار اور محفوظ رکھنا اصل مجاہدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس وقت دیانتدار قیادت اور اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا پیغام پہچانا ہے، قرآ ن کی آیات پکا ر پکار کر کہہ رہی ہیںکہ قیادت کا کردار سب سے اہم ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ جماعت اسلامی کے مؤقف کی تائید ہے اسی طرح پاکستان کرپشن سے پاک ہوسکتا ہے جس کے لیے دیانت دار قیادت کا ہونا اشد ضروری ہے ۔فرحانہ اورنگزیب نے کہا کہ اللہ سے جتنا مضبوط تعلق ہوگا دنیا و آخرت میں اسی قدر کامیابی مقدر بنے گی اورہم فلاح پانے والے لوگوں میں شامل ہوں گے۔