کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق نے کہا کہ پانامالیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے معاشی دہشت گردوں کے چہرے بے نقاب کر نا شرع کردیے ہیں۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔قوم آئندہ الیکشن میں کرپٹ اور چور لٹیروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کردے۔پاناما لیکس کی تحقیقات کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے اور وزیر اعظم کے بعد تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں میں موجود کرپٹ عناصر کا احتساب ہونا چاہیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اجتماع ناظمین سائٹ زون سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبد الرزاق نے مزید کہا کہ کرپشن نے ملکی بنیادوں کوکھوکھلا کردیاہے۔حکمرانوں کی کرپشن نے قوم کو مقروض بنا دیا ہے۔اگر ملک سے باہر پڑا پیسہ واپس لایا جائے تو اس کی مدد سے پاکستان کو بیرونی قرضوں سے نجات مل سکتی ہے۔جے آ ئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹس کی روشنی میں حکمران خاندان پر جرم ثابت ہو گیا ہے۔وزیر اعظم پاکستان اب حق حکمرانی کھو چکے ہیں،وزیر اعظم کو فی الفور اپنے عہدے سے استعفا دے دینا چاہیے۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کے ثمرات اب سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں۔کرپشن فری پاکستان کے لیے عوام کرپشن فری پارٹی کا ساتھ دیں۔اجتماع ناظمین سے نائب امیر ضلع غربی فضل خالق، سابق رکن سندھ اسمبلی حمید اللہ خان ایڈووکیٹ اور امیرسائٹ زون پی ایس 93سید سلطان روم نے بھی خطاب کیا۔