کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر اور بلدیہ ٹائون میں ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ بلدیہ میں ایک شخص کرنٹ سے جاںبحق ہوگیا۔ ملیر میں حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ایک ہائی روف کو آگ لگادی، تفصیلات کے مطابق کھو کھراپار کے علاقے ملیر نمبر ایک پر تیز رفتار ہائی روف نمبر CA.6813ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھتی ہوئی مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک بچی اور ماں باپ شدید زخمی ہو گئے ،حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بچی نے دم توڑ دیا۔دوسری جانب حادثے کو دیکھ کر جمع ہونے والے افراد مشتعل ہو گئے اور ہائی روف کو آگ لگا دی جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور آگ کو بجھا کر گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفیہ کی شناخت 4سالہ زہرہ کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے والد حسن رضا اور والدہ کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ متوفیہ کھوکھراپار نمبر 2کی رہائشی تھی جبکہ حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔سعیدآباد کے علاقے بلدیہ ٹائون یوسف گوٹھ حب ریور روڈ پر نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 45سالہ محمد ندیم ولد قادر بخش کے نام سے کی گئی جو کہ یوسف گوٹھ کا ہی رہائشی تھا۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ادھر بلدیہ ٹائون میں لیتھ مشین پرکام کے دوران 50سالہ علی محمدکرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔