سعودی عرب میں پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے عدم اجرا پر نوٹس لے لیاگیا

126

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ کی درخواست پر وفاقی محتسب عبدالمالک غوری نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے عدم اجرا پر نوٹس لے لیا ہے، عبدالمالک غوری نے ندیم شیخ ایڈووکیٹ کوذمے داران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے پاسپورٹ جاری نہ کرنے کے خلاف جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے وفاقی محتسب اعلیٰ عبدالمالک غوری سے ملاقات کی اور سعودی عرب میں پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔ندیم شیخ کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں سنگ میل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دنیابھر میں اوورسیز پاکستانی تقریبا ًہر سال سولہ بلین ڈالر کی خطیر رقم پاکستان بھیجتے ہیں لیکن سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے9 پاکستانی افراد کو پاسپورٹ کا اجرا نہ کرنا اور ان افراد کے ساتھ سفارتخانے کا نارواسلوک اور پاسپورٹ جاری نہ کرنا انسانی حقوق اورپاکستان کے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے،جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ کو وفاقی محتسب عبدالمالک غوری کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کوپاسپورٹ جاری نہ کرنے والے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔