عمران خان نااہلی کیس، سماعت21اگست تک ملتوی

39

اسلام آباد(اے پی پی)چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت21 اگست تک ملتوی کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کی درخواست کی سپریم کورٹ میں الگ سماعت ہو رہی ہے تاہم الیکشن کمیشن میں ان کے خلاف بالکل ویسا ہی مقدمہ زیر سماعت ہے۔ عدالت عظمیٰ مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی عمران خان اورجہانگیر ترین کو اثاثے ظاہر نہ کرنے، آف شور کمپنیوں کی ملکیت اور ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈز جمع کرنے کی بنیاد پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی سماعت کر رہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہاشم بھٹہ کی درخواست کی سماعت کر رہا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے ٹیکساس اور کیلیفورنیا میں مختلف ذرائع سے پارٹی فنڈز کے لیے3 ملین ڈالر وصول کیے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ عدالت عظمیٰ میں کیس کیسے چلتا ہے۔