کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ فلاحی معاشرے کی تشکیل میں صحافت کا اہم کردار ہے ، نا ہمواریوں ، خرابیوں ، ترقی میں حائل رکاوٹوں اور اصلاح معاشرہ کے لیے صحافت پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے ، حکومت آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر بھرپور یقین رکھتی ہے ، صحافیوں کے تحفظ اور انہیں وقت کے ساتھ ساتھ سہولیات فراہم کرنے کے وژن کے مطابق بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں رائو محمد رفیق کی سربراہی میں آنے والے لالہ موسیٰ پریس کلب کے 8 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، سی پیک منصوبہ ، ترقیاتی منصوبوں ، وفاقی حکومت کی معاشی پالیسی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صحافتی ذمے داریاں کٹھن اور دشوار ہیں لیکن پاکستانی صحافی بڑی دلیری سے غیر جانبدارانہ صحافت کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ جدید دور میں ٹیکنالوجی کے باعث صحافتی اقدار بھی تبدیل ہو گئی ہیں ، بے لاگ ، جاندار اور غیر جانبدارانہ صحافت معاشرے میں خوشگوار تبدیلیوں کی ضمانت ہے ، پاکستانی صحافی فلاحی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔