بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلیے تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی برادری کی بہت زیادہ توجہ حاصل ہو رہی ہے جبکہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ایل او سی پر کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جینگ شوانگ نے کہا کہ کشمیر میں ایل او سی پر تنازع سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں فریق خطے میں امن و استحکام میں اضافے اور کشیدگی سے گریز کیلیے مزید اقدامات کرسکتے ہیں اور بیجنگ دونوں ممالک میں تعلقات کی بہتری کیلیے تعمیری کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔