کراچی(اسٹاف رپورٹر) نکاح کی سنت نے مسلمانوں کے خاندانی نظام کو مضبوط بنایا ہوا ہے۔ 1400 سال سے امت مسلمہ اسوہ رسولؐ پر عمل پیرا ہو کر مسلم معاشرے کو تقویت دے رہی ہے۔ مغرب کا خاندانی نظام تباہی کا شکار ہے۔ تقویٰ اور پرہیزگاری کے ذریعے ہی امت سرخرو ہوسکتی ہے۔ نوجوان اسوہ رسولؐ پر عمل کریں۔ یہ بات جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الدیٰ صدیقی نے طیبہ مسجد زمان ٹاؤن کورنگی میں نائب امیر ضلع بن قاسم عاشق علی خان کی صاحبزادی کی تقریب نکاح سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبد الجمیل خان، قاری منصور احمد قریشی کے علاوہ بڑی تعداد میں جماعت اسلامی، برادر تنظیموں کے کارکنان اور قریبی احباب نے شرکت کی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ نکاح سے مسلم معاشرے میں یکجہتی، محبت کا فروغ ہورہا ہے۔ دو خاندانوں کا ملاپ اور قربت سے مسلم معاشرہ تقویت پارہا ہے۔ دوسری جانب مغرب مادر پدرآزاد کلچر اور شناخت نے ان کے پورے نظام کو تباہ کردیا ہے اور مغرب نے معاشرتی طور پر تمام اخلاقی قدروں کو کھودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے نوجوان قرآن سے تعلق کو مضبوط بنائیں اور حضورﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہوکر مسلم معاشرے کو مضبوط بنائیں۔ اسلام ایک مکمل نظام اور ضابطہ حیات ہے۔ اسلام نے زندگی گزارنے کے ایک ایک لمحے کے بارے میں آگہی اور رہنمائی فراہم کی ہے۔ اسلام کا نظام ہی دنیا کو تباہی سے بچاسکتا ہے۔ دنیا میں امن سکون اور چین قائم کرنا ہے تو اسلام کے بتائے ہوئے طریقوں پر زندگی بسر کی جائے اور اسلامی نظام کو دنیا میں عملی طور پر نافذ کیا جائے۔