پانچ مقدمات میں مفرور دہشت گردوں کے وارنٹ جاری

103

کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے مجرمان کے خلاف پاکستان نیوی کے کیپٹن،پولیس محافظ اور بم دھماکے سمیت 5مقدمات میں مفرور دہشت گردوں حافظ عمر عرف جواد،علی الرحمن عرف ٹونا،سرفراز عرف حمزہ،کامران عرف عمران بھٹی،عامرعرف عباسی اورطیب داؤد کے وارنٹ جاری کردیے‘ عدالت نے حیدری مارکیٹ بم دھماکے سمیت 2 مقدمات میں ملزمان عزیز اور طاہر منہاس کو مقدمے کی نقول فراہم کردیں۔آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ بدھ کے روز سینٹرل جیل میں قائم انسداددہشت گردی کی عدالت میں سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے مجرمان کے خلاف پاکستان نیوی کے کیپٹن،پولیس محافظ اور بم دھماکے سمیت 5مقدمات کی سماعت ہوئی‘ سماعت کے موقع پر گرفتار ملزمان سعد عزیز اور طاہر حسین عرف منہاس کو سخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا‘سماعت کے دوران عدالت میں مفرور ملزمان حافظ عمر عرف جواد، علی الرحمن عرف ٹونا،سرفراز عرف حمزہ،کامران عرف عمران بھٹی،عامرعرف عباسی اورطیب داؤد کو پیش نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ سماعت کے دوران گرفتار ملزمان عزیز اور طاہر منہاس کو حیدری مارکیٹ بم دھماکے سمیت 2 مقدمات میں مقدمہ کی نقول فراہم کردی گئیں‘ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔پولیس کے مطابق سانحہ صفورا میں سزائے موت پانے والے سعد عزیز اور طاہر منہاس سمیت 5 مجرمان کا مقدمہ فروری 2016ء میں فوجی عدالت منتقل کیا گیا تھا‘مقدمہ اور مجرمان کی فوجی عدالت منتقلی کے باعث دیگر مقدمات کی کارروائی روک دی گئی تھی‘ ملزمان کے خلاف حیدری مارکیٹ میں بم دھماکا کیس، نارتھ ناظم آباد،سمن آباد میں پولیس مقابلہ، دھماکا خیز مواد،تھانہ شارع فیصل میں نیوی کے کیپٹن ندیم احمد قتل کیس اور نیوکراچی میں پولیس محافظ وقار ہاشمی کیس ڈیڑھ برس بعد دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں‘مفرور ملزمان میں حافظ عمر عرف جواد،علی الرحمن عرف ٹونا،سرفراز عرف حمزہ، کامران عرف عمران بھٹی،عامر عرف عباسی اور طیب داؤد شامل ہیں۔