کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹائون کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیرائو کرلیا، ہنگامہ آرائی کے خدشے کے تحت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مکینوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ سے مذاکرات اور پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد احتجاج پرامن طور پر ختم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پانی کی شدید قلت پر مشتعل علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بدھ کی صبح بلدیہ ٹائون بسم اللہ چوک پر ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر پہنچ گئی اور دفتر کا گھیرائو کر کے نعرے بازی شروع کردی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں 3 ماہ سے پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے بھاری داموں واٹر ٹینکر خرید کر پانی کی کمی کو پورا کر رہے ہیں۔