لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستانی اور چینی حکام نے ملک میں ٹرینوں کی تعداد 171تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان و چین کے درمیان ریلوے سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا، اس موقع پر پاکستان ریلویز کے چیف ایگزیکٹیو افسرمحمد جاوید انور نے کہا کہ پاکستان ریلویز اور چین کے نیشنل ریلویز ایڈمنسٹریشن کے درمیان کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کی تفصیلات طے کرلی گئیں جبکہ موجود 32 ٹرینوں کی تعداد کو بڑھا کر 171کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اپ گریڈیشن کا کام 2مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا جبکہ ٹریک کو ڈبل کر دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویزاس وقت 65 کلومیٹر سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلا رہا ہے لیکن ٹریک کی اپ گریڈیشن کے بعد یہ رفتار کم از کم 110 اور زیادہ سے زیادہ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔دوسری جانب وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایران اور ترکی کے ذریعے یورپ تک ریلوے کے سفر کو ممکن بنائیں گے، 8ارب کی لاگت سے مین لائن ون کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں ریلوے کے انفراسٹرکچر کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری پر توجہ دے رہے ہیں ریلوے منصوبے سے خطے کے ممالک کی معیشتوں کو استحکام ملے گا۔سعد رفیق نے کہا کہ اسلام آباد تہران،استنبول ،کنٹینر ٹرین منصوبے سے آپس سے منسلک ہوجائیں گے۔خطے میں تجارت کے لیے ریلوے کا مربوط نظام بنانا چاہتے ہیں۔حکومت ریلوے کے ذریعے علاقائی حکمت عملی علاقائی روابط کے فروغ پر مشتمل ہے۔ایران اور ترکی کے ذریعے یورپ تک ریلوے کے سفر کو ممکن بنائیں گے۔سعد رفیق نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے چین کی مصنوعات کی تجارت ہوسکے گی۔