چودھری شجاعت کا سراج الحق کو فون‘ موجودہ صورتحال پر گفتگو

73

لاہور (نمائندہ جسارت؍ آن لائن) جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان مسلم لیگ (ق) اور اتحادی جماعتوں کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کے پاس سوائے استعفاکے اور کوئی راستہ نہیں ان کو چاہیے کہ فوری طور پر وزارت عظمیٰ سے استعفا دیکرعدالت عظمیٰ میں جے آئی ٹی رپورٹ کا سامنا کریں، انہوں نے سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل رپورٹ بھی عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ معلوم ہوسکے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کو کن لوگوں کے حکم پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ دو روز بعد منعقد ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ق شرکت کریگی اجلاس میں چودھری پرویز الٰہی ،محمد بشارت راجہ ، طارق بشیر چیمہ،چودھری ظہیر الدین،ناصرشیرازی، صاحبزادہ حامد رضا ،خرم نوازگنڈا پور سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی دریں اثناء انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں پانامہ کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کی انکوائری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔