کر اچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اور پولیس نے شہر میںمختلف کارروائیوں کے بعد 118 ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار شدگاں میں جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے پیپلز پارٹی کے کارکن ،ڈکیت منشیات فروشوں کے علاوہ مفرور ملزمان بھی شامل ہیں ،تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ رینجرز نے پی ایس 114میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے بعد جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 3افراد کو گرفتار کیا ہے ،ترجمان نے کہا کہ پی ایس 114 میں کامیابی کے بعد سیاسی جماعت کے یہ کارکن ہوائی فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔گرفتار ملزمان میں ناصر، عمیر اور مجتبیٰ کو منظورکالونی اور محمود آباد نمبر 5 سے گرفتار کیا گیاہے،جن کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم، 30 بور پستول، میگزین اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے۔ ادھر زمان ٹائون پولیس نے ایک کارروائی میں 4ملزمان ستار مسیح ،اکبر مسیح،امان اللہ اور شکو ر کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔پاکستان بازار پولیس نے مقابلے کے بعدڈکیتی اور رہزنی کی وارادتوں میں ملوث آصف اور زریاب کو گرفتار کر کے اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہو ئے ایک ملزم اعظم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ،نیو کراچی پولیس نے منشیات فروش بابل کو گرفتار کر کے اسلحہ و منشیات برآمد کرلی۔ دوسری جانب کراچی پولیس تر جمان کے جانب سے جاری ہو نے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں82چھاپہ مار کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد107ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ مقابلے میں1ملزم بھی مارا گیا۔ گرفتار ملزمان 9 ڈکیت، غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں31، 11مفرور و اشتہاری اور دیگر جرائم میں ملوث54ملزمان شامل ہیں جن کے قبضے سے مختلف اقسام کے10پستول، دستی بم اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی ہے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی۔