کنٹرول لائن نے کشمیر کے دوحصے کر رکھے ہیں‘سردار مسعود خان

69

برسلز (اے پی پی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن نے دیوار برلن کی طرح ریاست جموں و کشمیر کے دونوں حصوں کو جدا کر رکھا ہے، ایک بڑے حصے مقبوضہ کشمیر میں اقتصادی، سیاسی اور معاشی آزادیاں سلب ہیں ، آواز بلند کرنے پر گولیوں کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے، کرفیو اور ہڑتالوں کے باعث لوگوں کے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں، تعلیم و ترقی کے تمام مواقع بھی چھین لیے گئے ہیں،کشمیر میں امن و امان کی صورتحال خوفناک ہوچکی ہے، عالمی براداری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ برسلز میں یورپی کنزر ویٹو اور ریفارمٹس گروپ کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یورپی اقوام اظہار رائے کی آزادی، انسانی حقوق، احترام انسانیت اور انساقی اقدار کی علمبردار ہیں۔ بھارتی فوج کشمیریوں کا بے دریغ قتل عام کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ بھی کشمیر کے مسئلے پر غیر فعال ہو چکی ہے۔ 70 سال گزر نے کے باوجود وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرا سکی۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیری امن پسند ہیں اور جنگ سے نفرت کرتے ہیں، ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ و جدل نہیں امن و ہم آہنگی کی علامت بننا چاہتے ہیں۔