کورنگی:ہیڈکانسٹیبل کے گھر میں ڈکیتی کرنے والے2 ملزمان مقابلے میں ہلاک

45

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کورنگی میں کانسٹیبل کے گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے 2ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے مطابق ان کے تھانے کی حدود کے ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی میں رہائش پذیر پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کے گھر میں 2مسلح ملزمان داخل ہو ئے اور اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر لوٹ مار شروع کردی ۔اسی دوران ایک شہری نے مدد گار 15کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مکان کو گھیرے میں لے لیا۔اس دوران ملزمان واردات کے بعد گھر سے نکلے اور پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہو ئے دونوں ملزمان کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکل برآمد کرلی،پولیس نے بتایا کہ ایک ملزم کی شناخت حضور بخش کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے ملزم کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے۔پولیس نے لاشوں کو کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا ۔