کے ایم سی کے مرحوم ملازمین کے 96لواحقین کو ملازمت فراہم

62

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی میں دوران ملازمت انتقال کرجانے والے مرحوم افسران و ملازمین کے 96 لواحقین کو ملازمت دے کر ہم نے اپنی ذمے داری پوری کردی ہے ، محدود وسائل کے باوجود مرحوم ملازمین کے لواحقین کو مزید ملازمتیں فراہم کریں گے کیونکہ مرحوم ملازمین نے ادارے کی خدمت کی ہے ،لہٰذا ان کی فیملی میں سے کسی ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کی صبح کے ایم سی کے مرحوم افسران و ملازمین کے لواحقین میں ملازمتوں کے تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا،سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا،مشیر مالیات خالد شیخ اور سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے مرحوم ملازمین کو ملازمت کے تقرر نامے جاری کرنے کا معاملہ کھٹائی میں پڑا ہوا تھا، اس دوران کے ایم سی میں تعینات کیے جانے والے سابق ایڈمنسٹریٹرز نے ہزاروں کنٹریکٹ ملازمین بھرتی کیے لیکن ادارے میں خدمات فراہم کرنے والے مرحوم ملازمین کے لواحقین کو ملازمتیں نہیں دی گئیں ۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس پر کسی نے بھی کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی یہ سوچا کہ ملازمت کے دوران جو لوگ انتقال کرجاتے ہیں، ا ن کی فیملی کس طرح گزارا کرتی ہوگی اور مہنگائی کے اس دور میں انہیں کیسی کیسی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا، جو لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ان کے لواحقین کو Deceased کوٹے میں سے نوکری ملنی چاہیے، لہٰذا ہم نے اس کے ازالے کے لیے مرحوم ملازمین کے لواحقین کو ملازمت دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اگر کچھ ملازمین کے قانونی ورثاء رہ گئے ہیں تووہ فوری طور پر اپنے کاغذات جمع کرائیں ان کو بھی قواعد و ضوابط کو پورا کرتے ہوئے ملازمت دی جائے گی، انہوں نے تقرر نامے حاصل کرنے والے مرحوم ملازمین کے لواحقین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم سب کے لیے خوشی کا دن ہے اور یہ ہمارے افسران کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے جنہوں نے ٹیم ورک کی صورت میں کام کرکے اس اہم کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور آج ہم اس قابل ہوئے کہ مرحوم ملازمین کے لواحقین کو ملازمت کا تقرر نامہ ان کے حوالے کرسکیں، یہ ملازمتیںاہل افراد کو رنگ و نسل اور زبان و مذہب کی تفریق کے بغیر صرف اور صرف میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے دی گئی ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جن افراد کو کے ایم سی میں ملازمت دی گئی ہے وہ پوری محنت، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں گے اور دیگر ملازمین کے لیے مثال بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے مختلف محکموں میں بہتری لانے کے لیے سروس اسٹرکچر کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایسے اہل اور محنتی افسران کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جو اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دے رہے ہیں ، ادارے کی کارکردگی بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات زیر غور ہیں جن پر بتدریج عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے حقوق کا ہرممکن تحفظ کیا جائے گا۔تقرر نامہ حاصل کرتے ہوئے کئی خواتین آب دیدہ ہوگئیں جبکہ میئر کراچی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مرحوم ملازمین کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باعزت روزگار فراہم کرنے پر ہم بلدیہ عظمیٰ کراچی کی انتظامیہ خصوصاً میئر کراچی کے انتہائی ممنون ہیں۔ قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر سے سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم جمیل فاروقی نے کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ میئر کراچی کو بریفنگ دی اور میئر کراچی نے کمیٹی کے سفارشات کی روشنی میں گریڈ 1 سے گریڈ16 تک 96 ملازمین کے مختلف محکموں میں تقرر کی منظوری دی جن میں چارجڈ پارکنگ،پارکس اینڈ ہارٹیکلچر، کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن، کچی آبادی،اسٹیٹ، فنانس، ویٹرنری سروسز، لینڈ، انجینئرنگ، محکمہ قانون،فائربریگیڈ اورمیونسپل پبلک ہیلتھ شامل ہیں۔