یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائے،صوبائی وزیر داخلہ

89

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ کے صوبائی وزیر برائے داخلہ، زراعت، معدنیات و معدنی وسائل اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ، سہیل انور خان سیال نے قیام پاکستان کے 70 سال مکمل ہونے پر سیکرٹری داخلہ سندھ، تمام زونل اور رینج ڈی آئی جیز سمیت تمام ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 70ویں یوم آزادی پر محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کی تمام عمارتوں پر یکم تا 14 اگست پاکستان کا جھنڈا لہرایا جائے اور جھنڈیوں کے ساتھ سجاوٹ کا بھی اہتمام کیا جائے۔ ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق وزیر داخلہ سندھ نے محکمہ داخلہ اور سندھ پولیس کی تمام گاڑیوں پر جھنڈا لگانے کے ساتھ یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کے انعقاد کا بھی حکم دیا ہے۔صوبائی وزیر کی جانب سے دی جانے والی تمام ہدایات کا اطلاق محکمہ زراعت، محکمہ معدنیات و معدنی وسائل اور بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز پر بھی ہوتا ہے۔وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے سندھ پولیس کے تمام ایس ایس پی، ایس پی ، ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او رینک کے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر میں ایک گھنٹہ (علاوہ تعطیلات )پبلک میٹنگ کے لیے مخصوص کرنے یا پھر کھلی کچہری کا انعقاد کرکے عوامی مسائل سننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق فوری طور پر نافذ العمل حکم کا مقصد عوام اور پولیس کے مابین فاصلوں کو کم کرکے لوگوں کے لیے سہولت اور آسانی پیدا کرنا ہے۔