اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید 2فلسطینی شہید،21گرفتار

130

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 2 فلسطینیوں کو شہید اور 21 کو حراست میں لے لیا ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح فجر کے وقت جنین پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا۔ اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینی نوجوانوں میں جھڑپیں شروع ہوگئی۔ اسرائیلی فوج نے نوجوانوں پر گولیاں برسا دیں، جس کے نتیجے میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔ ان میں ایک نوجوان اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ دوسرے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، تاہم وہ جاںبر نہ ہو سکا۔ جھڑپوں میں 2 فلسطینی جوان زخمی بھی ہوئے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے دونوں شہیدوں کی شناخت 21 سالہ سعد صلاح اور 17 سالہ اوس سلامہ سے کی ہے، جو جنین پناہ گزین کیمپ کے رہایشی تھے۔ دوسری جانب بدھ کی صبح اسرائیلی فوج نے دورا، مخیم العروب، قباطیہ، برقین، بلاطہ، عرق عطیہ اور تقوع نامی قصبوں میں چھاپے مارے، اور اس دروان 21 فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے شعفاط مہاجر کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور وہاں موجود فلسطینیوں پر ربڑ کی گولیاں چلانے کا سلسلہ شروع کردیا۔ مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کئی گھروں کی تلاشی کی گئی، جس کے نتیجے میں نوجوانوں کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک نوجوان کو حراست میں لیے جانے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایسی ہی کارروائی جبل مکبر کے علاقے میں کی گئی، جس میں اسرائیلی فوج نے 2 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔