کنٹری کمفرٹس اپارٹمنٹ کے مکین بجلی سے محروم ہوگئے

54

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش کے اثرات شہر کے مختلف علاقوں میں ابھی تک دیکھے جاسکتے ہیں۔ گلزار ہجری بلاک 2اسکیم 33سیکٹر 13-C میں واقع کنٹری کمفرٹس اپارٹمنٹ میں بارش آنے کے بعد گرنے والے بجلی کے میٹرز کو کے الیکٹرک کی جانب سے تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ کمفرٹس اپارٹمنٹ کی انتظامیہ نے تاحال بارش میں گر کر ٹوٹنے والے مین سوئچز کو ٹھیک نہیں کیا جو کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتا ہے اور ایک ہفتے سے زائد عرصہ گزرنے پر بھی اپارٹمنٹ میں رہنے والے مکین تاحال بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ اپارٹمنٹ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مین سوئچز کو ٹھیک کرنے کے لیے 3ہزار روپے فی فلیٹ طلب کررہی ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔ مکینوں نے آباد کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹری کمفرٹس اپارٹمنٹ کی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی زیادتی کانوٹس لیں اور مکینوں کو جلد سے جلد بجلی فراہم کرکے ممکنہ حادثے سے بچایا جائے، کیونکہ زمین پر گرنے والے مین سوئچز کو تاحال ٹھیک نہیں کیا جاسکا۔