جے آئی ٹی کی آڑ میں جمہوریت کی بساط نہیں لپیٹنے دینگے‘ محمود اچکزئی

125

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی آڑ میں جمہوریت کی بساط نہیں لپیٹنے دیں گے، موجودہ حالات میں نواز شریف سے زیادہ مقبول کوئی رہنما نہیں، ہر حال میںوزیر اعظم کے ساتھ ہیں،ملک نازک دور سے گزر رہا ہے،معمولی غلطی سالمیت کے لیے خطرناک ہوگی، جنرل باجوہ شفاف الیکشن کی ضمانت دیں، کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمین پھٹے یا آسان گرے ہم ہر حال میں جمہوری وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں ،وہ کروڑوں عوام کے ووٹ سے منتخب ہوئے ہیں کسی ایک گروہ کے کہنے پر استعفا نہیں دینگے ، ہمارا اتحاد جمہوریت کے لیے ہے ملک کو چلانے اور بچا نے کے لیے جمہور کی حکمرانی ہو نی چا ہیے ہم کسی کو بھی جمہوریت کی بساط لپیٹنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ سے سازش کی بو آرہی ہے،جلد سب کچھ سامنے آ جائے گا، ہمارا ملک مزید بحرانوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ،تحقیقات ہونی چا ہیے لیکن تحقیقات کی آڑ میں جمہوریت کو لپیٹنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی اگر ملک کے آئین کو چھیڑا گیا تو پشتونخواملی عوامی پارٹی سڑکوں پر ہوگی۔محمود اچکزئی نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہونی ہے تو آئین اور پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کے خلاف بھی تحقیقات ہونی چا ہیے ، عدالت عظمیٰ کے فیصلے تک انتظار کر نا چا ہیے جو بھی فیصلہ آئے گا سب کو تسلیم کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک افغانستان کو ایک آزاد اور خود مختار ریاست تسلیم نہیں کیا جا تا اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہونگے اب بھی وقت ہے کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہو ں، افغانستان کو ایک آزاد وخود مختار ریاست تسلیم کریں تو افغانوں کو راضی کر نا ہمارا کام ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں جس طرح ایران اور سعودی عرب کی معاملات چل رہے ہیں اس کے پاکستان پر منفی اثرات پڑیں گے ۔