رحیم یار خان، بینک سے 4 لاکھ روپے لے جانے والے باپ اور بیٹے کو لوٹ لیا گیا

142

رحیم یارخان(نمائندہ جسارت)شہر کے وسطی علاقے میں دن دہاڑے ڈکیتی کی دلیرانہ واردات، اسلحہ کی نوک پر بینک سے 4لاکھ روپے کا کیش لے کر جانے والے باپ بیٹے کو 3 نامعلوم مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ لیا ناکہ بندی کے باوجود پولیس فرارہونے والے ڈاکوئوں کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ۔ گزشتہ روز چک48پی کارہائشی زمیندار مشتاق احمد اپنے بیٹے مدثر اقبال کے ہمراہ شاہی روڈ پر واقع بینک الفلاح آیا اور سیڈ کمپنی کو فروخت کی گئی گندم جس کاچیک سیڈ کمپنی نے زمیندار مشتاق احمد کو دیا تھا، کیش کروانے کے بعد اپنے بیٹے کے ہمراہ جارہا تھا کہ تکیہ لعل فقیر قبرستان کے نزدیک اچانک 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے دونوں باپ بیٹے کو گھیر لیا اور اسلحہ کی نوک پر ان کے پاس موجود 4لاکھ روپے کی نقدی لوٹ لی اور باآسانی موقع سے فرارہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے فرارہونے والے ڈاکوئوں کو گرفتارکرنے کے لیے ناکہ بندی کی تاہم ڈاکو کیش سمیت فرارہونے میں کامیاب ہوگئے ۔