رحیم یار خان ‘ حادثات و واقعات میں میاں بیوی سمیت 6افراد جاں بحق

149

رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی موٹر سائیکل رکشے پر چڑھ گئی، موٹرسائیکل سوار میاں بیوی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئے، سڑک پار کرنے والے 35 سالہ شخص کو آئل ٹینکر نے کچل ڈالا، موٹر سائیکلوں میں ٹکر کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت6 افراد جاں بحق، ٹریکٹر ٹرالی اور آئل ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار۔ حادثہ ظاہر پیر اور موضع شاہ محمد خان کے رہائشی منیر احمد اور محمد ارشد کے ساتھ پیش آیا جو موٹر سائیکل رکشے پر سوار ہوکر جارہے تھے کہ سامنے سے آنے والی ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابوہوکر موٹرسائیکل رکشے پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں منیر احمد اور محمد ارشد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی دم توڑگئے جبکہ ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی موقع پر چھوڑکرفرارہوگیا۔ دوسرا حادثہ موضع لڑی امیر دین کے نزدیک پیش آیا جہاں ہیڈ فرید کے رہائشی موٹر سائیکل سوار میاں بیوی نوری رام اور قیصرہ مائی کو ٹریکٹر ٹرالی نے کچل ڈالا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی دم توڑ گئے جبکہ نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ تیسرا حادثہ قومی شاہراہ پر چک1پی کے رہائشی 35سالہ اللہ وسایا کے ساتھ پیش آیا جسے کراچی سے ملتان جانے والے آئل ٹینکر نے کچل ڈالا، 35سالہ اللہ وسایا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پرہی دم توڑگیا جبکہ آئل ٹینکر ڈرائیور بھی آئل ٹینکر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ چوتھا حادثہ کشمور (سندھ) کے رہائشی 16 سالہ آدم خان کے ساتھ پیش آیا جو موٹر سائیکلوں کے درمیان ٹکر کے نتیجے میں شدید زخمی ہوا، جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے رحیم یار خان اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 16 سالہ آدم خان بھی جانبر نہ ہوپایا اور دم توڑ گیا۔