فیصل صالح حیات ہی پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر ہیں ‘ فیفا

187

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے متنبہ کیاہے کہ اس کی تسلیم کردہ قومی فٹبال فیڈریشن کو مانتے ہوئے کنٹرول نہ دیا گیا تو پاکستان پر پابندی عائد کردی جائے گی۔فیفا کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کہا گیاہے کہ وہ فیصل صالح حیات کی قیادت میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کو تسلیم کرتی ہے، حکومت پاکستان بھی اس فیڈریشن کو تسلیم کرتے ہوئے اسے کنٹرول واپس کرے ورنہ پاکستان کو معطل کر دیا جائے گا.فیفا کا کہنا ہے کہ 31 جولائی تک قومی فیڈریشن کا ہیڈ کوارٹر اور اس کے اکائونٹس بحال نہ کیے گئے تو فیفا سخت ترین اقدام کرتے ہوئے معاملہ اپنی کونسل کے حوالے کرکے پاکستان پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردے گی۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ فیفا پاکستان پر پابندی لگائے، ہم نے ہمیشہ ایسے عمل کی مخالفت کی، آئی او سی کی جانب سے پاکستان پر پابندی کی دھمکی پر موجودہ پی او اے کو تسلیم کیا، فیفا کی جانب سے پابندی لگی تو ملک میں فٹبال کو نقصان پہنچے گا، چند عناصر قومی مفاد کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کو بد نام کرنے کے در پے ہیں.ریاض حسین نے الزام عائد کیا کہ فیصل صالح حیات بھی اس صورتحال کے ذمے دار ہیں، وہ فیڈریشن میں شفاف نظام قائم کرنے میں ناکام رہے، وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم فیفا سے درخواست کریں گے کہ وہ خود آگے بڑھ کر اس معاملے کو حل کرائے۔