وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی ہے

197

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف بین الاقوامی سازش ہورہی ہے سی پیک کو ناکام بنانے والے اپنی کٹھ پتلیوں کو استعمال کررہے ہیں۔ نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، استعفا نہیں دیں گے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ جانبدارنہ ہے، عدالت کے فیصلے کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ (ن) حیدرآباد ڈویژن کے صدر سید شاہ زمان شاہ ، مسلم لیگ (ن) منارٹی ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری کھیل داس کوہستانی، رامل بھیل، عارف جمال سہرودی، راجا غضنفر، راحیل شاہ، سلیم مگسی اور دیگر نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ میں کوئی دھڑے بندی نہیں ، مسلم لیگ کے کارکنان ہی نہیں ملک کے 20کروڑ عوام بھی اپنے قائد پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں، انہوں نے ایک کروڑ 52 لاکھ ووٹ لیے ہیں وہ عوام کے منتخب وزیر اعظم ہیں لیکن کچھ عناصر کو منتخب نمائندے پسند نہیں ہیں، یہ ساز شی عناصر پہلے دھرنا بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف سے تین نسلوں کا حساب لیا گیا ہے، انہوں نے عدلیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔ جے آئی ٹی نے جانبداری کا مظاہرہ کیا لیکن عدالتِ عظمیٰ میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا مخالفین کو مایوسی ہوگی۔ مخالفین ان کے ذاتی و خاندانی کاروبار کو ہدف بنارہے ہیں۔ چودھری نثار اور وزیراعظم میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، زرداری لیگ سندھ میں آج بھی قومی خزانہ لوٹ رہی ہے، کھیل داس کوہستانی نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے منصب سنبھالنے کے بعد چائنا کا کامیاب دورہ کیا، تو اسی دن سے سازشیں شروع ہوگئیں۔ وزیراعظم نے تہیہ کرلیا تھا کہ وہ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنائیں گے۔ سی پیک، گوادر بندرگاہ، توانائی کے منصوبوں ، سڑکوں کے جال و موٹر ویز کی تعمیر کی شروعات ہوئی تو بین الاقوامی سرمایہ کاری بھی پاکستان آنے لگی۔ سی پیک پر فوج اور حکومت ایک ہی پیج پر ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ ہو رہا ہے یہ ساری صورتحال ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہو ئی۔ انہوں نے اپنے ایجنٹوں کو متحرک کیا اور 20 کروڑ عوام کے نمائندے کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی سازشیں شروع کردی ہیں لیکن انہیں عدالتِ عظمیٰ میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جام شورو کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہاکہ غریبوں کی زمین پر کسی کو قبضہ کا حق نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) رابطہ عوام مہم تیز کررہی ہے، مستحق افراد کو ہیلتھ کارڈ دیے جارہے ہیں ایک لاکھ 30ہزار کارڈ حیدرآباد ضلع میں دیے گئے ہیں۔