ومبلڈن ٹینس‘اسپین کی گاربائن موگوروزچیمپئن بن گئیں

209

لندن (جسارت نیوز) ااسپین کی ٹینس اسٹار گاربائن موگوروزا نے ومبلڈن کے فائنل میں وینس ولیمز کو شکست دے کر پہلی مرتبہ چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ومبلڈن میں اپ سیٹ کا سلسلہ فائنل میں بھی نہیں تھم سکا جہاں خواتین کے فائنل مقابلے میں گاربائن موگوروزا نے امریکا کی مشہور ٹینس اسٹاروینس ولیمز کو 5-7 اور0-6 سے شکست دے دی۔گاربائن موگو روزا نے سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی کے خلاف 77 منٹ کے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کردی۔خیال رہے کہ گاربائن موگوروزااسپین کی دوسری خاتون کھلاڑی ہیں جس نے ومبلڈن ٹائٹل حاصل کرلیا ۔گاربائن موگوروزا کی موجودہ کوچ کونچیٹا مارٹینز ومبلڈن کے فائنل میں اسپین کا جھنڈا گاڑھنے والی پہلی خاتون ہیں۔انھوں نے 1994 میں جمہوریہ چیک کی کھلاڑی مارٹینا نوریٹیلوا کو شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔
گاربائن موگوروزا نے ویمنز سنگلز کے پہلے سیمی فائنل میں سلواکیا کی میگڈیلینا کو باآسانی شکست دی تھی۔موگوروزا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-1 سے فتح حاصل کر کے پہلی مرتبہ ومبلڈن فائنل میں جگہ بنائی تھی۔دوسرے سیمی فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک امریکا کی وینس ولیمز نے برطانیہ کی جوہانا کونٹا کو اسٹریٹ سیٹ میں ہرا یا تھا اور انھیں ٹائٹل کے لیے فیورٹ تصور کیا جارہا تھا۔37سالہ وینس ولیمز نے برطانوی حریف کو 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر 1994 کے بعد ومبلڈن فائنل کھیلنے والی عمر رسیدہ کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔1994 میں مارٹینا نوریٹیلووا نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا تاہم انھیں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔یاد رہے کہ 1994 کے فائنل میں عمررسیدہ کھلاڑی کو موگوروزا کی موجودہ کوچ کونچیٹا مارٹینز نے شکست دی تھی اور 23 سال بعد موگوروزا نے وینس ولیمز کو ہرا کر اپنی کوچ کے ریکارڈ کو بھی برابر کردیا۔