ٹنڈو آدم‘ بلدیہ چیئرمین کا شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ

83

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) مون سون کی برسات، موسلا دھار بارش کے بعد میونسپل کمیٹی چیئرمین کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی و ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ سینیٹری ورکرز کی ٹیموں کے کام کو سراہا۔ مون سون کی موسلادھاربارش کے بعد میونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے چیئرمین مسرور احسن غوری ، وائس چیئرمین اصغر علی عباسی ، چیف میونسپل آفیسر سعید احمد بروہی اور کونسلرز نے جمن شاہ ، بھچہ پاڑہ، درگاہ ابراہیم شاہ ، رشید کالونی ، ٹھلہ آباد، وشن آباد،تارا چند روڈ،پاکستان فیکٹری ، لطیف گیٹ ،کھٹی پاڑہ ، ساٹی پاڑہ ، مالی پاڑہ ، پرانا ٹیکسی اسٹینڈ، جیلانی اسٹریٹ، ایم اے جناح روڈ، کالی روڈ،چھتری چوک ، حیدرآباد روڈ، محمدی چوک ، کھنڈوروڈ، جوہر آباد، بنگلا روڈ ، ،محلہ الہٰیار، نیوسٹی ، احمدآباد ،چرخا گھر،لیاقت روڈ اور پرانا تبلیغی مرکز سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی مسرور احسن غوری نے چیف سینیٹری انسپکٹر عبدالحمید بلوچ اور دیگر وارڈ انسپکٹرز سراج احمد، عمیر احمد، نالا گینگ کے انچارج یاسر عرفات بھن، سکندر بھن اور دیگر ورکرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی میں سینیٹری ورکرز نے جس طرح مختصر وقت میں شہرمیں برسات کے پانی کو صاف کردیا ہے اسی طریقے سے کام ہوتا رہا تو شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہو گی جبکہ میونسپل کمیٹی نے مون سون کی آمد سے قبل نالوں کی کئی مرتبہ صفائی اور شہر بھر سے کچرے کے ڈھیروں کو سیکڑوں ٹرالیوں کے ذریعے صاف کروایا۔ ٹنڈوآدم کی سیاسی و سماجی تنظیموں، سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور مختلف برادریوں نے چیئرمین میونسپل کمیٹی اور سینیٹری اسٹاف کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔