چینی وفد کا لاہور سے راولپنڈی اسپیشل ٹرین کے ذریعے سفر

195

لاہور (نمائندہ جسارت) نیشنل ریلوے ایڈمنسٹریشن چائنا کے وفد کا پاکستان ریلوے کی سی پیک ٹیم کے ہمراہ لاہور سے راولپنڈی تک اسپیشل ٹرین کے ذریعے سفر۔ دوران سفر وفد کے 8 ارکان سمیت چائنا کی بڑی کنسٹرکشن اور ڈیزاننگ کمپنیوں کے 45 رُکنی ماہرین بھی موجود تھے جو راستے میں مختلف جگہوں کا معائنہ کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاکستان ریلوے کے سی پیک ٹیم لیڈر محمد اشفاق خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سی پیک منصوبے کے تحت فی الحال 870 ارب روپے کا پروجیکٹ ہے جسے چینی حکومت بھی مانیٹر کررہی ہے اور ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اس کو شروع کیسے کرنا ہے، اس کا ابتدائی ڈیزائن تیار ہوچکا ہے، جسے چینی ماہرین نے بڑی محنت اور جانفشانی سے کم عرصے میں مکمل کیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں ابتدائی طور پر مین لائن ون اور حویلیاں ڈرائی پورٹ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیز ون کو جلد از جلد شروع کیا جائے گا اور اُمید ہے کہ ستمبر، اکتوبر میں پروجیکٹ پر کام شروع ہو جائے گا۔ تین چار اہم پروجیکٹ ہیں جن میں لاہور، ملتان 339 کلو میٹر، نواب شاہ، روہڑی 185 کلومیٹر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پشاور سے راولپنڈی پر کام ایک ہی دفعہ شروع ہوسکے گا۔ چوتھا کالووال، پنڈورا 52 کلو میٹر ٹریک اگر سیدھا ہوجائے گا تو لاہور اور راولپنڈی کا فاصلہ سوا تین گھنٹے کا رہ جائے گا، جسے چینی ماہرین نے وعدہ کیا ہے کہ ایک سال میں مکمل کرلیں گے۔ حکومت پاکستان کی ذمے داری ہے کہ ان کو تحفظ فراہم کیا جائے، جس میں سیکورٹی ڈویژن آرمی کا، پاکستان ریلوے پولیس اور صوبائی پولیس نے بھی اسپیشل ڈویژن ان کی سیکورٹی کے لیے تیار کیے ہیں۔