کرپٹ ٹولے کا احتساب شفاف اور دیانتدار حکومت ہی کرسکتی ہے

218

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ حکمران خاندان سے احتساب کا آغاز ہوگیا، جماعت اسلامی ہر کرپٹ کا احتساب چاہتی ہے اور اس سلسلے میں ’’احتساب سب کا‘‘ تحریک شروع کردی، اب کوئی چور لٹیرا نہیں بچے گا۔ 21 جولائی کو تاج مارکیٹ واہ کینٹ میں اس مہم کا دوسرا بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں امیر جماعت سینیٹر سراج الحق مہمان خصوصی ہوں گے۔ اہالیان اٹک نے عوامی قائد کا جس انداز میں استقبال کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی اٹک کی قیادت شاندار جلسہ عام کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لالہ رخ اور ماڈل ٹائون میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی لالہ رخ کے مقامی امیر بلال حیدر نے اپنی ذمے داریوں کا حلف اٹھایا۔ پی پی 8 کے امیدوار محمد وقاص خان، امیر زون رفیق احمد سمیت دیگر ذمے داران بھی امیر ضلع کے ہمراہ موجود تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کا احتساب شفاف اور دیانتدار حکومت ہی کرسکتی ہے، ظلم وناانصافی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے قوم جماعت اسلامی اور سینیٹر سراج الحق کا ساتھ دے۔