اسلام آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم کی قیادت میں تر کی میں ناکام فو جی بغاوت کا ایک سال مکمل ہو نے پر سفارت خانے جا کر ترکی کے سفیر بابر گرجین سے ملاقات کی۔ اس مو قع پر انہوں نے تر کی کی موجود ہ قیادت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد ملک عبدالعزیز، محمد کاشف چودھری، جماعت اسلامی یو تھ ونگ کے صدر چودھری، طارق گجر، زبیر صفدر اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ترک سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ جماعت اسلامی دنیا بھر میں بالعموم اور ترکی میں باالخصوص جمہوریت کی حمایت کرتی رہے گی۔ ترکی کی تعمیر وتر قی اور اُمت مسلمہ کے حوالے سے طیب اردگان اور ان کے ساتھیوں کا کر دار بے مثال رہا ہے۔ جماعت اسلامی اور ترک قیادت کے تعلقات ہمیشہ قابل تعریف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاغوت کے الہ کاروں نے ہمیشہ مسلم ممالک میں جمہوریت کے خلاف سازشیں کی ہیں اور تر کی کی بغاوت بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ اس مو قع پر گفتگو کر تے ہو ئے تر ک سفیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تر کی میں بغاوت کی کو شش کے خلاف پارلیمینٹ میں سب سے پہلے قرار داد پیش کی، ایک سفارتی وفد بھی اظہار یکجہتی کے لیے ترکی بھیجا اور فوجی بغاوت کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج کیا جس کے لیے ہم جماعت اسلامی کے مشکو ر ہیں۔