جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا

156

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر ونامزد امیدوار پی پی 8 محمد وقاص خان نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق شام 7 بجے تاج مارکیٹ نزد سویڈش کالج واہ کینٹ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، علما سمیت مرد و خواتین اور پختون کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر شریک ہوگی۔ عوامی رابطہ مہم کے دوران اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وقاص خان نے کہا ہے کہ امیر جماعت سراج الحق کے واہ کینٹ میں جلسے سے اس حلقے میں سیاسی جمود ٹوٹ جائے گا۔ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو قائدانہ کردار دیا اور علاقے کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادنے جماعت اسلامی کے یوتھ ونگ جے آئی یوتھ میں شمولیت اختیار کی ہے اور پھر ایک پراسس کے تحت ووٹ کی طاقت سے اپنے ہی علاقے کے نوجوانوں کو قائد منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے انہیں تنظیم میں کلیدی کردار دیا ہے، مستقبل ان نوجوانوں کا ہے، گلے سڑے اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے نوجوان سراج الحق اور جماعت اسلامی کی قوت ہیں۔ ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک ایک اسلامی اور خوشحال فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں ۔