سندھ میں بلدیاتی نظام کو فعال بناکر بااختیار بنایا گیا، مہتاب ڈھر

161

سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر برائے تعلیم جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نہ صرف شہروں بلکہ دیہی علاقوں کی ترقی کے لیے بھی دن رات کوشاں ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل رونتی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے گوٹھ دبلی میں 17 لاکھ کی لاگت سے مختلف گلیوں کی فرشبندی، ایک کروڑ 6 لاکھ 71 ہزار کی لاگت سے رونتی مائنر سے گوٹھ عاربی چاچڑ اور در محمد موچی تک روڈ اور ایک کروڑ 30 لاکھ کی لاگت سے رونتی سے گوٹھ دبلی تک ری کنڈیشن روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کیچ عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سندھ میں بلدیاتی نظام کو فعال بناکر بااختیار بنایا گیا تاکہ شہروں سمیت دیہی علاقوں میں ترقی کو یقینی بنایا جاسکے اور عوام کو ان کے گھروں تک سہولتیں فراہم کی جاسکیں کیوںکہ حکومت سندھ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی بنیادی ضروریات سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی حکومت کا یہی فائدہ ہے کہ عوامی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں جبکہ وزرا و عام لوگوں کے بیچ کسی قسم کا فاصلہ نہیں ہوتا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ کی ضلع بھر میں مختلف ترقیاتی اسکیمیں چل رہی ہیں جن کی نگرانی کی جارہی ہے تاکہ عوام کو فائدہ ہوسکے۔