سندھ کی مختصر خبریں

168

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈوآدم کے قریب گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں گرنے کے سبب 13 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق، ورثا کا پوسٹ مارٹم نہ کرنے پر پولیس اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گزشتہ شب طوفانی بارش کے سبب بجلی کی گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں گرنے کے باعث گاؤں خدا آباد میں 13 سالہ بچہ سعید علی ولد جنگو خان مری کرنٹ لگنے کے سبب جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں تعلقہ اسپتال اور پولیس کے خلاف ورثا کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
٭ جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو پولیس نے نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی کے الزام اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئی تین ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔ جھڈو پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں عادل قائم خانی شاہد رضا راجپوت کو گرفتار کرکے ملزمان پر ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے جبکہ منشیات فروش ہوشی کولہی سے گٹکے کی 500پڑیاں بر آمد کرکے ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ڈی ایس پی جھڈو ایوب درس اور ایس ایچ او جھڈو غلام مصطفی خاصخیلی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا یے بااثر منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ ملزمان کے خلاف جلد بلا تفریق بڑی کارروائی کی جائے گی۔
٭ نواب شاہ (نمائندہ جسارت) نواب شاہ کے قریب مسافر کوچ اور جیپ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں3 افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا۔ کراچی جانے والی مسافر کوچ نواب شاہ کے نواحی علاقے بچھیری میں جیپ سے ٹکرائی گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ، فوری طور پر جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔