سکھر،شہید پولیس افسران واہلکاروں کے لواحقین کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد

132

سکھر( نمائندہ جسارت) محکمہ پولیس کی جانب سے شہیداء پولیس افسران و اہلکاروں کی فیملی، لواحقین ورثا کے اعزاز میں عید ملن پارٹی منعقد ہوئی ، جس میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سندھ پولیس ولی اللہ دل ، ڈی آئی جی سکھر ریجن فیروز شاہ کے علاوہ ایس ایس پیز و دیگر پولیس افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پولیس افسران نے کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی خصوصی دلچسپی اور احکامات پر شہید پولیس افسران و جوانوں کے بچوں کو ملازمت کے عمل کو یقینی عرصہ میں مکمل کر کے آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔شہدا پولیس کی بیوائوں کو ساٹھ سال تک مکمل تنخواہوںکی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے، اسکول جامعات میں داخلوںکے اخراجات بھی سندھ پولیس کا محکمہ اٹھائے گا۔ علاوہ ازیں دوران ڈیوٹی جو افسر یا جوان زخمی ہو جاتا ہے اس کے علاج کا خرچ بھی پولیس محکمہ برداشت کرے گا جبکہ شہید اہلکاروں کی بیٹیوں کے جہیز کیلیے بھی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ سکھر رینج کے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین اور بچوں کی دیکھ بھال ، فلاح و بہود اور دیگر مسائل کے حل میں مدد معاونت و رہنمائی کیلیے انسپکٹر فرحان سرور ( رینج آفس سکھر) کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو شہدا کے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور مسائل سے افسران کو آگاہ رکھیں گے۔ پولیس شہدا نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر قوم کے مستقبل کو بچایا ہے ، سندھ پولیس کی شاندار روایت رہی ہے کہ وہ شہدا کے خاندانوں کیساتھ عید ملن مناتی ہے، سندھ پولیس کے شہدا نے جرأت و بہادری کی شاندار تاریخ رقم کی ہے، جو ناقابل فراموش ہے، پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مردانہ وار لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ہے، پاک آرمی کے بعد دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سندھ پولیس نے سب سے زیادہ جانوں کا نذرا نہ پیش کیا ہے۔