لاہور، ایف آئی ایف کے زیر اہتمام فلڈ ڈرل ایکسر سائز

179

لاہور (نمائندہ جسارت) فلاح انسانیت فائونڈیشن کے زیر اہتمام پنجاب کے مختلف اضلاع کی نہروں اور دریاوں پر ممکنہ سیلاب کے پیش نظر فلڈڈرل ایکسرسائز کا سلسلہ جاری ہے۔ اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایف آئی ایف ریسکیو کے سینئر انسٹرکٹرز نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تکنیکی لیکچرز دیے اور عملی مشقیں کروائیں۔ اسی طرح کشتی آپریٹنگ، ہنگامی سیلابی کیفیت سے نمٹنا، عارضی کشتی بنانا، تیراکی کے بغیر پانی سے نکلنا، فرسٹ ایڈ، زخمیوں کی اسپتال منتقلی اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقے سکھائے گئے۔ فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے ملتان، راجن پور، بہاولپور، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، نارووال اورپنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ہزاروں رضا کاروں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ ایف آئی ایف کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف کا کہنا ہے کہ ہر سال مختلف علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے لوگوںکا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے ہم نے ابھی سے اپنی تیاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے تاکہ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے پر ایف آئی ایف کے رضاکار فوری متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کی ہر ممکن مدد کرسکیں۔ ریسکیو واٹر پاکستان کے انچارج نوید قمر نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پنجاب میں ڈویژن کی سطح پر فلڈ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ایف آئی ایف کے فلڈ سینٹرز میں کشتیاں، واٹر ریسکیو کا سامان، ریسکیو ٹیم اور ایمبولینسیں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔ فلڈ ڈرل ایکسر سائز میں واٹر ریسکیو ٹریننگ، فرسٹ ایڈ اور ڈیڈ باڈی مینجمنٹ کی ٹریننگ شامل کی گئی ہے۔ پنجاب کے ممکنہ سیلابی علاقوں میں فلاح انسانیت فائونڈیشن کی جانب سے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔