لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے چولستان میں قائم کمیونٹی اسکولز پرائیویٹ سیکٹرز کو دینے کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی۔ تحریک التوا میں کہاگیا ہے کہ ’’چولستان میں قائم کمیونٹی اسکولز میں حکومتِ پنجاب کے تعاون سے پانچ ہزار سے زائد چولستانی بچوں کو تعلیم کے زیور آراستہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس طرح وہاں کے محکوم اور غریب گھرانوں کے بچے تعلیم حاصل کرتے رہے، اسی طرح وہاں کی لڑکیاں اور لڑکے انہیں پڑھاکر اپنا روزگار بھی چلاتے رہے۔ نامساعد حالات کے باوجود دور دراز کے ان علاقوں میں یہ بڑی خدمت تھی جو کہ وہاں کے بچے بچیاں کرتے رہے مگر حکومت پنجاب کے حالیہ اقدام کہ یہ تمام اسکولز پرائیویٹ سیکٹرز کو دے دیے جائیں گے، اس سے ان تمام کوششوں کو سخت دھچکا لگنے کا اندیشہ ہے ۔ فیصلے کو فی الفور حکومت پنجاب واپس لے اور جو اساتذہ چولستان کمیونٹی اسکولز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ان کے پے اسکیلز کو بہتر بنا کر انہیں مستقل کیا جائے ‘‘۔