مسترد شدہ سیاستدان شریف خاندان کے خلاف ایک جگہ جمع ہوگئے

177

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) بیرونی طاقتوں کے اشارے پربعض ناسمجھ اور کرپٹ سیاستدان پاناما لیکس کی آڑ میں ملک میں جمہوریت اور جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ملک کے غیور اور باشعور عوام ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ہر الزام سے بری اور سرخرو ہوں گے۔یہ بات پاکستان مسلم لیگ نواز سندھ کے رہنما ملک راجا عبدالحق نے یہاں میرپورخاص ڈویژنل سیکرٹریٹ میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے شریف خاندان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے میاں محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور پاناما لیکس میں لگائے گئے شریف خاندان پر جھوٹے الزامات اور بعض ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ناسمجھ اور کرپٹ سیاستدانوں کی سازشوں کے باوجود نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے سیاستدانوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء میں سینیٹ اور عام انتخابات میں اپنی شکست کے خوف سے عوام کے مسترد شدہ سیاستدان شریف خاندان کے خلاف ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں اور ملک میں جمہوریت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ اجلاس سے یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر ملک عبدالغفار نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں نے سی پیک منصوبے کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈنگ کی ہے اور ان کے ایجنٹ عمران خان ان کی سازش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مصروف ہیں لیکن نواز شریف استعفا نہیں دیں گے کیونکہ وہ کروڑوں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے ہیں اور انہوں نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور عوام کو تحفظ دیا ہے جس کی وجہ سے وہ عوام کے مقبول ترین لیڈر بن چکے ہیں، ملک کو لوٹنے والے مفاد پرست سیاستدان جو آج اپنے مفادات کے لیے جمع ہیں، انہیں ملک اور عوام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک ایماندار اور خوف خدا رکھنے والے وزیر اعظم ہیں اور جب اچھے حکمران ہوں گے تو ملک میں ہر طرف امن وامان، ہریالی اور خوشحالی کا دور ہوگا جیسا کہ آج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ میرپورخاص میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا اور اس حوالے سے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ کنونشن میں کارکنوں کی زیا دہ سے زیا دہ تعداد میں شرکت کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کردی گئی ہے۔ اس موقع پر شیر خان پٹھان، ڈاکٹر سلیم عباسی، وسیم احمد، ملک لیاقت، ملک شفیع، ملک ستار، جبران آفریدی اور دیگر لیگی کارکنان بھی موجود تھے۔