میرپور خاص، شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر دو پولیس اہلکار معطل کردیے گئے

157

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی میرپور خاص نے شہریوں کو بلاوجہ تنگ کرنے اور گھروں میں گھسنے کی شکایت پر دو پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے کوارٹر گارڈ کردیا۔ میرپورخاص کے علاقے لال پاڑہ میں رہائش پذیر لیڈی ڈاکٹر کی جانب سے ایس ایس پی میرپورخاص کامران نواز پنجوتہ کو تحریری درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس اہلکار سعید قریشی اور میرجمن میرے گھر میں زبردستی داخل ہوگئے، گھرکے مکینوں سے بدکلامی کرتے ہوئے ہراساں کیا اور جھوٹا الزام لگایا کہ تمہارے گھر میں منشیات کا کاروبار ہوتا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں ہماری تذلیل ہوئی ہے۔ ایس ایس پی نے واقعے کی تحقیقات کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے کوارٹر گارڈ کردیا۔