سرگودھا (جسارت نیوز ) آئندہ ماہ ورلڈ کپ ا سنوکر ٹورنامنٹ میں پاکستانی 4 رکنی وفد شرکت کرے گا ۔حکومت ا سنوکر کی بھی سرپرستی کرے توپاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے، محدود وسائل کے باجود ایشین چیمپین شپ جیتنا میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے مستقبل میں بھی پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار حال ہی میں 6ریڈ بال اسنوکر ایشین ٹائٹل جیتنے والے سرگودھا کے محمد سجاد نے سرگودھا پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ا سنوکر گیم میں ایک سال کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا بھر میںہونے مقابلہ جات میں سونے ،چاندی کے علاوہ تانبے کے 34-35میڈلز جیتے ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ مصر کے شہر قاہرہ میں شروع ہونے والا عالمی ورلڈ کپ ا سنوکر ٹورنامنٹ میں پاکستان کی جانب سے 4کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں محمد بلال ،بابر مسیح ، اسجد اقبال اور ایشین چیمپین محمد سجاد حصہ لیں گے ۔ محمد سجاد نے بتایا کہ کل سے 14روزہ کیمپ اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 20-20گھنٹے کی محنت کے بعد آج اس مقام پر پہنچا ہوں محنت کے بغیر کوئی بھی چیز حاصل نہیں کی جا سکتی ۔انہوںنے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام دیگر کھیلوں کے طرح اسنوکر میں بھی اونچا ہے اور انشاء اللہ پاکستانی قوم اور میرے والدین کی دعائوں سے ورلڈ ا سنوکر ٹورنامنٹ جیت کر ملک کا نام روشن کروں گا۔
اس موقع پر صدر کلب مہر آصف حنیف ،جنرل سیکرٹری ملک محمد اصغر نے محمد سجاد کو یقین دلایا کہ سرگودھا پریس کلب اور اس کی انتظامیہ آپ کی آواز ہر فورم پر اٹھائے گی اور جہاں تک ممکن ہوسکا آپ کی سرپرستی میں اسنوکر کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پاکستان کے قومی ہیروسابقہ ورلڈ چیمپین 3مرتبہ نیشنل چیمپئن کے علاوہ حال ہی میں 6ریڈ بال ایشین اسنوکر ٹورنامنٹ کے فاتح محمد سجاد کو سرگودھا پریس کلب کی تاحیات (اعزازی ) ممبر شپ سے بھی نوازا گیا ۔