٭٭٭……سکھر……٭٭٭

141

سکھر(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع سکھر کے صدر امام الدین کھوسو نے کہا ہے کہ افرا تفری پھیلانے والوں کو ملک کی ترقی پسند نہیں اور وہ مختلف سازشیں کرکے ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، تاہم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کسی دبائو میں آئے بغیر ملک و قوم کی بہتری کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل جنرل سیکریٹری و ترجمان خورشید احمد میرانی ، سینئر نائب صدر اعظم خان، شیخ نظام جان، سٹی صدر سعید احمد مغل، عبدالفتاح ابڑو، جاوید پٹھان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی بھی عوامی مینڈیٹ اور جمہوریت پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ہیں، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کیا ہے، جس کی مثال سی پیک کا منصوبہ اور امن و امان کی بہتر صورتحال ہے، لیکن بعض عناصر نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے اور وہ مختلب حربے استعمال کرکے ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیل رہے ہیں،تاہم وزیر اعظم پاکستان ایسا ہونے نہیں دیں گے، ملک کا شمار ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں کرنا ہمارا مشن ہے، آئندہ انتخابات میں بھی عوامی طاقت سے کامیابی حاصل کرکے ملک و قوم کے مفاد میں بھرپور اقدامات کیے جائیں گے ۔