٭٭٭…… رحیم یار خان ……٭٭٭

248

رحیم یارخان(نمائندہ جسارت)گھریلو ناچاقی 24سالہ خاتون نے بجلی کی تاروںکو چھو کر خودکشی کرلی گزشتہ روز بستی سمے والی کی رہائشی 24سالہ صائمہ طا رق جس کی اپنے سسرالیوں سے گھریلو ناچاقی رہتی تھی گزشتہ روز دلبرداشتہ ہوکر گھر میں لگے ہوئے بجلی کے سوئچ بورڈ کی تاروں کو پکڑ لیا جس سے اسے شدید کرنٹ لگا جو موقع پر ہی دم توڑگئی ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کے بعد خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے نعش تدفین کیلیے ورثاء کے حوالے کردی
٭٭ کار کی سائیڈ لگنے سے سڑک پر گرنے والے موٹرسائیکل سوار کو ٹرالر نے کچل ڈالا ، سڑک کنارے کھڑی ایک سالہ بچی کار کی زد میں آگئی 2جاں بحق ۔ گزشتہ روز پہلا حادثہ بستی کھور کے رہائشی16سالہ محمد ار شد کے ساتھ پیش آیا جو اپنی موٹرسائیکل پر جار ہا تھا کہ اسی دوران کار نمبریLEH 1524 کی سائیڈ لگنے سے محمد ار شد موٹرسائیکل سمیت سڑک پر جاگرا کہ اسی دوران گزرنے والے ٹرالر نے اسے کچل ڈالا جو زخموں کی تاب نہ لاتے موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ کار اور ٹرالر ڈرائیور دونوں موقع سے فرارہوگئے پولیس نے موقع پر پہنچ کر کار اور ٹرالر کو قبضہ میں لے کر ڈرائیوروں کی تلاش شروع کردی ، اسی طرح سردار گڑھ کی رہائشی کمسن ایک سالہ ارم سڑک کنارے کھڑی تھی کہ گزرنے والی کار کی زد میں آگئی سر پر گہری ضرب لگنے کے باعث ایک سالہ ارم کو طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ایک سالہ ارم دم توڑگئی
٭٭ریجنل پولیس آ فیسر بہاولپور کا ضلع بھر میں واقع سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے رہائشی کیمپوں کا دورہ کیے جانے والے حفاظتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار ہر قیمت پر سی پیک منصوبہ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز و عملہ کا تحفظ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور رفعت مختار نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذیشان اصغر کے ہمراہ سی پیک پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے رہائشی کیمپوں نواز آباداور فتو وال کا دورہ کیا اس موقع پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات بارے ریجنل پولیس آفیسر کو بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چائینہ منصوبے کی تکمیل کیلیے کام کرنے والے چینی انجینئرز کی حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگئی انہوں نے ضلع پولیس کی جانب سے کیے جانے والے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ہمارے صوبے میں معاشی انقلاب آئے گا اور روز گار کے مواقع بھی میسر ہوں گے اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذیشان اصغر کی جانب سے سکیورٹی کے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی
٭٭کھیتوں میں کام کرنے کے دوران خاتون سمیت2 افراد کو زہریلے سانپوں نے ڈس لیا دونوں متاثرہ طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل حالت تشویشناک ۔ گزشتہ روز احمد پور لمہ کارہائشی 25سالہ خان محمد اور میانوالی قریشیاں کی رہائشی 30سالہ زبیدہ بی بی کھیتوں میں کام کررہے تھے کہ اسی دوران چھپے بیٹھے زہریلے سانپوں نے انہیں ڈس لیا غشی طاری ہونے پر دونوں کو ورثاء نے طبی امداد کیلیے رحیم یارخان ہسپتال منتقل کردیا جہاں طبی امداد کے باوجود دونوں کی حالت تشویشناک بیان کی جارہی ہے
٭٭گھریلو جھگڑوں اور پریشانیوں سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 4 افراد کا اقدام خودکشی متاثرہ طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل ۔ گزشتہ روز بستی در محمد کے رہائشی 23سالہ اجمل، عباسیہ ٹائون کے25سالہ سنی، اڈا گلمرگ کی20سالہ سکینہ بی بی اور مئو مبارک کے رہائشی27سالہ یٰسین کو اقدام خودکشی کرنے پر ورثاء نے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلیے ہسپتال منتقل کیا جہاں پر موجود ذر ائع نے بتایاکہ ان متاثرہ افراد نے گھریلو جھگڑوں اور پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوکر اقدام خودکشی کیا متاثرہ افرادکو ہسپتال میں طبی امدادفراہم کی جارہی ہے
٭٭پیسٹی سائیڈ مقدمات کی مؤثر پیروی اور مجرمان کی سزا یابی کو یقینی بنانے کی ہدایت ۔ ایس پی انوسٹی گیشن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت ارشد طاہر نے تفتیشی افسران کو لیکچرز دئیے ۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ ایس پی انوسٹی گیشن شاہ نواز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن محکمہ زراعت ارشد طاہر اور ڈی ایس پی لیگل جاوید اقبال باجوہ نے ضلع بھر کے تھانوں میں تعینات تفتیشی افسران کی منعقدہ میٹنگ میں لیکچر دیتے ہوئے تفتیشی افسران و جعلی زرعی ادویات ، کھاد اور دیگر پیسٹی سائیڈ جرائم کے مقدمات کی دفعات سے متعلق تفصیلی بریف کیا اور انہیں اس سلسلہ میں بلا تاخیر کارروائی اور عدالتوں میں مؤثر پیروی کے زریعے ملزمان کی سزا یابی کو یقینی بنانے کے لیے طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ہمارے ملک کی معیشت ریڈ کی ہڈی ہے اسے مکمل تحفظ دیا جائے گا تاکہ ملک ترقی کرے اور اسے مختلف طریقوں سے نقصان پہنچانے والے قومی مجرمان کے خلاف موئثر قانونی کارروائی عمل میں لاکر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ انہوں نے میٹنگ میں شامل تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں ہر اول دستہ ہیں وہ مکمل آپروچ کے ساتھ پیسٹی سائیڈ مقدماٹ کو یکسو کریں
٭٭محکمہ پولیس کے سب انسپکٹرز اسماعیل بھٹی ، عبدالخالق باجوہ ااورکانسٹیبل محمد اکبر ریٹائرڈ ہو گئے ۔ ریٹائرڈ اہلکاروں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسماعیل بھٹی اور کانسٹیبل محمد اکبر جبکہ ٹریفک پولیس سے سب انسپکٹر عبدالخالق باجوہ مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے جس پر ان کے اعزاز میں پولیس لائن میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں انسپکٹر چوہدری غلام دستگیر ، سب انسپکٹرز اصغر رامے ، شاہین اسلم ، ڈیوٹی آفیسر پولیس لائن حافظ مدثر احمد ، پی اے ٹو ڈی پی او بشیر احمد بھٹی ، پی آر اوٹو ڈی پی او عمر سلیم ، اے ایس آئی ظہیر سرویا ، شفقت چیمہ ، آپریٹر ٹو ڈی پی او ماما ذوالفقار ، نقدی محرر اللہ وسایا ، ہیڈ کانسٹیبل رانا احسان سمیت بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کے دوست احباب نے شرکت کی اس موقع ریٹائرڈ اہلکاروں کو پھولوں کے ہار و مالائیں پہنا کر ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں ظہرانہ دے کر رخصت کیا گیا
٭٭5سالہ پرانے جھگڑے کے کیس میں صلح ۔ مصالحتی کورٹ میں 5سال پرانے لڑائی جھگڑے کے کیس میں مصالحت کار /سول جج ملک منیر احمد سلیمی نے مدعیوں اور ملزموں کے درمیان صلح کروا دی ۔مدعی نے اپنے اپنے ملزمان کو معاف کر دیا
٭٭سٹی پارک میںتفریح کیلیے جانے والے لوگ پارک انتظامیہ کی لوٹ کھسوٹ سے تنگ ،عوام کا ڈپٹی کمشنر سے کاروائی کا مطالبہ ۔ سٹی پارک میں تفریح کیلیے جھولوں کے ٹکٹ کی قیمت کا شیڈول پارک انتظامیہ نے آویزاں نہیں کیا جس کی وجہ سے 30روپے والے جھولے کی ٹکٹ 40روپے اور 40والے جھولے کی ٹکٹ 50روپے وصول کرنا شروع کر دی ہے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں روپے کا گورنمنٹ کو ٹیکہ لگایا جارہا ہے ۔عوام نے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانااور چئیر مین ضلع کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سٹی پارک کی انتظامیہ کو جھولوں کا ریٹ شیڈول فوری طور پر واضح آویزاں کرنے کے احکامات جاری کریں ۔